لاہور| ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو لاہور میں ریلی نکالنے کی مشروط اجازت دے دی۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے افسران نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات کی اور یقین دہانی کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں کو ریلی کی اجازت دے۔
ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی قیادت کو واضح کیا ہے کہ ریلی میں عدلیہ اور اداروں یا اُن کے سربراہان کیخلاف تقاریر، نعرے بازی کی اجازت نہیں ہوگی، بصورت دیگر منتظمین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لاہور میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا تاہم رات گئے وزارت داخلہ کی جانب سے لاہور میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر کے رینجرز کو طلب کرلیا گیا تھا۔ پولیس کی بھاری نفری زمان پارک جانے والے راستوں پر تعینات رہی اور راستوں کو کنٹرینر لگا کر بندھ کردیا تھا۔
بعد ازاں پی ٹی آئی نے لاہور ہائیکورٹ میں دفعہ ایک سوچوالیس اور رینجرز تعیناتی کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی اور صوبائی صدر یاسمین راشد نے الیکشن کمیشن کو بھی خط لکھا۔
پھر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے لاہور میں انتخابی ریلی کل تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ پی ٹی آئی کارکن حکومت کے جال میں نہ پھنسیں،صرف پی ٹی آئی پر پابندی لگائی گئی لاہور میں دیگر سرگرمیاں جاری ہیں، زمان پارک کو کنٹینرلگا کر بند اور پولیس تعینات کردی گئی ہے۔